پیٹرول 4.08،ڈیزل 2.45 روپے فی لیٹر سستا،نئی قیمتیں جاری
پیٹرول 4.08،ڈیزل 2.45 روپے فی لیٹر سستا،نئی قیمتیں جاری-حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے نئے نرخ جاری کر دیے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 8 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کے تحت پیٹرول 331 روپے 95 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 389 روپے 93 پیسے فی لیٹر دستیاب ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے کے بعد سے ہوگا۔
حکام کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت، روپے کی قدر اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ حکومت نے حالیہ عرصے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کیا ہے۔ پہلے قیمتوں کا جائزہ ہر 15 روز بعد لیا جاتا تھا، تاہم عالمی تیل مارکیٹ میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کے باعث اب ضرورت کے مطابق زیادہ بار قیمتوں میں ردوبدل کیا جا رہا ہے۔
