پوتے کی حرکت سے دادی ایئرپورٹ پر مشکل میں پھنس گئیں
پوتے کی حرکت سے دادی ایئرپورٹ پر مشکل میں پھنس گئیں-امریکی ریاست الاباما کے گلف شورز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی چیک کے دوران ایک خاتون کے سامان سے امریکی خانہ جنگی کے دور سے تعلق رکھنے والے پانچ تاریخی توپ کے گولے برآمد ہونے پر حکام نے فوری کارروائی کی۔
ٹرانسپورٹیشن سیکیورٹی ایڈمنسٹریشن (TSA) کے مطابق 18 جولائی کو ایکسرے اسکیننگ کے دوران سوٹ کیس میں مشتبہ اشیا نظر آئیں۔ تلاشی لینے پر کاغذی تولیوں میں لپٹے ہوئے پانچ توپ کے گولے ملے، جس کے بعد متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی۔
ٹی ایس اے حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے گولے غیر فعال تھے اور ان میں دھماکا خیز مواد موجود نہیں تھا، تاہم فوجی نوعیت کا سامان ہونے کے باعث انہیں فضائی سفر کے دوران ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ یہ تاریخی نوادرات فورٹ مورگن سے چرائے گئے تھے۔ حکام نے مخصوص نشانات کی مدد سے ان کی شناخت کی اور تصدیق کی کہ یہ امریکی خانہ جنگی کے دور کے آثار ہیں۔
بالڈون کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق ایک کم عمر لڑکے نے یہ گولے فورٹ مورگن کے اسٹوریج ایریا سے اٹھائے اور اپنی دادی کے چیک اِن بیگ میں رکھ دیے۔ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ ان کے سامان میں موجود گولے چوری شدہ تاریخی نوادرات ہیں۔
واقعے کے بعد حکام نے تاریخی آثار کے تحفظ اور ایئرپورٹس پر سیکیورٹی جانچ کی اہمیت پر ایک بار پھر زور دیا۔
