کھڑی گاڑی میں دم گھٹنے سے 4 بچے جاں بحق
کھڑی گاڑی میں دم گھٹنے سے 4 بچے جاں بحق-عیسیٰ خیل کے نواحی علاقے کھگلانوالہ روڈ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں کھیلتے کھیلتے کھڑی گاڑی میں بند ہونے کے باعث چار کمسن بچے جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس کے مطابق بچے صبح اپنے گھروں سے کھیلنے کے لیے نکلے تھے، تاہم کافی دیر تک واپس نہ آنے پر اہل خانہ نے ان کی تلاش شروع کی۔ تلاش کے دوران بچوں کی لاشیں قریبی گھر میں کھڑی ایک کار سے برآمد ہوئیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچے کھیلتے ہوئے گاڑی میں داخل ہوگئے تھے، جس کے بعد گاڑی کے دروازے خودکار (آٹومیٹک) طریقے سے لاک ہوگئے۔ باہر نہ نکل سکنے کے باعث گاڑی کے اندر دم گھٹنے سے چاروں بچوں کی موت واقع ہوگئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی۔ افسوسناک سانحے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی، جبکہ اہل خانہ غم سے نڈھال ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں کی حفاظت کے پیش نظر کھڑی گاڑیوں کو ہمیشہ لاک رکھیں اور گاڑی کی چابیاں بچوں کی پہنچ سے دور رکھیں۔
