ایران کا امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ،کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان
ایران کا امریکا اور اسرائیل کو سخت انتباہ، کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کا اعلان-ایران نے امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس کی اہم تنصیبات یا انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے سینئر کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا کہ جارحیت کے بعد محفوظ رہنے کا دور ختم ہو چکا ہے اور کسی بھی غلط اندازے پر مبنی فوجی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیت، تیاری اور حکمت عملی کے حوالے سے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ مخالفین بھی ممکنہ ردعمل سے بخوبی آگاہ ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا میں رپورٹس شائع ہوئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ممکنہ نئی فوجی کارروائی کی منظوری دے دی ہے۔ ان رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی سے متعلق اہم تنصیبات کو ممکنہ اہداف کے طور پر زیرِ غور رکھے ہوئے ہیں، تاہم ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران پر معاہدوں سے پیچھے ہٹنے اور غلط بیانی کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ کسی ممکنہ معاہدے کے حوالے سے ان کا اعتماد پہلے کے مقابلے میں کم ہوتا جا رہا ہے۔
ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جبکہ عالمی برادری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
