غزہ،اسرائیلی حملوں میں پانچ فلسطینی شہید- غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حملے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے تسلسل کا حصہ ہیں، جن میں غزہ شہر اور شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
طبی ذرائع اور عینی شاہدین کے مطابق غزہ شہر میں الطیران جنکشن کے قریب ایک رہائشی گھر پر فضائی حملے کے نتیجے میں دو بچے اور ان کے والدین شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں کی شناخت حسین صفادی، ان کی اہلیہ رانا صفادی اور ان کی دو بیٹیوں زینا (6 سال) اور لانا (13 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔
حملے میں خاندان کے دیگر افراد اور قریبی رہائشی بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ایک الگ واقعے میں شمالی غزہ کے علاقے الصفاوی کے قریب اسرائیلی ڈرون حملے میں راہگیروں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری شہید جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔