ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.38 🇪🇺 یورو ₨319.31 🇬🇧 پاؤنڈ ₨368.10 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.23 🇦🇪 درہم ₨75.80 🇨🇳 چینی یوان ₨41.04

آزاد کشمیر اسمبلی کی رکن بیگم امتیاز نسیم مسلم لیگ (ن) میں شامل

👁️ 2 مرتبہ پڑھا گیا
آزاد کشمیر اسمبلی کی رکن بیگم امتیاز نسیم مسلم لیگ (ن) میں شامل

آزاد کشمیر اسمبلی کی رکن بیگم امتیاز نسیم مسلم لیگ (ن) میں شامل-آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی صورتحال میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والی رکن قانون ساز اسمبلی بیگم امتیاز نسیم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق بیگم امتیاز نسیم نے فارورڈ بلاک سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قافلے میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مشتاق منہاس، راجا مجاہد اور راجا ریاست سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی، جبکہ وفاقی وزیر امیر مقام نے بھی شرکت کی اور نئی شامل ہونے والی رہنما کا خیرمقدم کیا۔

امیر مقام نے اس موقع پر کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے رہنماؤں کو مکمل عزت اور احترام دیا جائے گا، اور ان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ ان کے مطابق سیاست کا مقصد عوامی خدمت اور ترقی ہے، جبکہ نئی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کے بنیادی حقوق سے متعلق بیشتر مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں اور بعض امور پر مذاکرات کا سلسلہ بھی جاری رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ مختلف ادوار میں مذاکرات ہوئے تاہم بعض معاملات پر پیش رفت نہ ہو سکی۔

بیگم امتیاز نسیم نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنے "گھر واپس” آئی ہیں۔ ان کے مطابق ان کے مرحوم شوہر کرنل (ر) نسیم مسلم لیگ (ن) کے بانی رہنماؤں میں شامل تھے، اور ان کا خاندان ہمیشہ اس سیاسی سوچ سے وابستہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کے تسلسل کے لیے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر کام کریں گی اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے فعال کردار ادا کریں گی۔ بیگم امتیاز نسیم نے دعویٰ کیا کہ ان کے حلقے میں مسلم لیگ (ن) آئندہ انتخابات میں مضبوط پوزیشن حاصل کرے گی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔