گھر کا اچار خراب کیوں ہوتا ہے؟ ماہرین نے لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کے آسان طریقے بتا دیے
ماہرین کے مطابق گھر میں بنایا گیا اچار اگر چند احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا جائے تو جلد خراب ہو سکتا ہے، تاہم صحیح طریقوں سے اسے کئی ماہ تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
اچار بنانے سے پہلے تمام برتن جیسے مرتبان، ڈھکن اور چمچ وغیرہ کو اچھی طرح دھو کر مکمل خشک کرنا بہت ضروری ہے۔ معمولی نمی بھی اچار کے خراب ہونے کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے برتنوں کو ہوا میں خشک کرنا بہتر ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اچار کا جو حصہ تیل سے باہر رہتا ہے وہ جلد خراب ہونا شروع ہو جاتا ہے، اس لیے اسے ہمیشہ دباکر تیل کے اندر رکھنا چاہیے تاکہ وہ محفوظ رہے۔
نمک اور سرکے کی مقدار اچار کو محفوظ رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے ان کی مقدار میں کمی نہیں کرنی چاہیے بلکہ نسخے کے مطابق ہی استعمال کرنا چاہیے۔
سبزیوں کو اچار میں ڈالنے سے پہلے اچھی طرح دھو کر مکمل خشک کرنا ضروری ہے کیونکہ معمولی سی نمی بھی پورے اچار کو خراب کر سکتی ہے۔
اچار کو ہمیشہ خشک اور سایہ دار جگہ پر رکھنا چاہیے، دھوپ یا نمی والی جگہ پر رکھنے سے اس کے خراب ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ اچار نکالتے وقت ہمیشہ صاف اور خشک چمچ استعمال کیا جائے اور استعمال کے فوراً بعد ڈھکن مضبوطی سے بند کر دینا چاہیے۔
اگر اچار سے عجیب بو آنے لگے، پھپھوندی ظاہر ہو یا رنگ تبدیل ہو جائے تو اسے استعمال کرنے کے بجائے ضائع کر دینا ہی بہتر ہے کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
صحیح طریقے سے تیار اور محفوظ کیا گیا گھر کا اچار کئی مہینوں بلکہ بعض اوقات ایک سال سے بھی زیادہ عرصے تک محفوظ اور مزیدار رہ سکتا ہے۔