مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کے خلاف کیس کی تفصیلات بتا دیں- معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ سمیرا خان کے خلاف جاری قانونی تنازع سے متعلق اہم وضاحت جاری کر دی ہے۔
مومنہ اقبال نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں کہا ہے کہ ان کی قانونی جدوجہد صرف ایک کیس تک محدود نہیں بلکہ یہ ان کے حقِ انکار، مبینہ ہراسانی اور موصول ہونے والی دھمکیوں کے خلاف آواز اٹھانے سے متعلق ہے۔
اداکارہ کے مطابق انہیں ثاقب چدھڑ اور ان کی اہلیہ کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ افراد کے خلاف دیگر مبینہ فراڈ کیسز بھی زیرِ تفتیش ہیں جبکہ ان کا اپنا کیس بھی حقائق کی بنیاد پر ثابت ہو چکا ہے۔
مومنہ اقبال نے کہا کہ وہ انصاف کے حصول کے لیے اپنی قانونی جنگ آخری حد تک جاری رکھیں گی اور انہیں عدالتی نظام سے مکمل امید ہے کہ سچ سامنے آئے گا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے ساتھ ایف آئی آر کی کاپی بھی شیئر کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کی جدوجہد کا مقصد صرف انصاف کا حصول ہے۔