1500 روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی کے نتائج جاری کر دیے گئے ہیں، جس کے بعد انعام جیتنے والے خوش نصیب افراد کی تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔
نیشنل سیونگز کے مطابق 1500 روپے کے انعامی بانڈ کی 106 ویں قرعہ اندازی 15 مئی کو سیالکوٹ میں منعقد ہوئی۔ قرعہ اندازی میں پہلا انعام 30 لاکھ روپے رکھا گیا تھا جبکہ تین افراد نے 10،10 لاکھ روپے کے دوسرے انعامات اپنے نام کیے۔
نتائج کے مطابق بانڈ نمبر 024132 پہلے انعام کا حقدار قرار پایا۔ اسی طرح 026284، 355420 اور 407321 نمبر رکھنے والے بانڈز دوسرے انعام کے لیے منتخب ہوئے۔ علاوہ ازیں ایک ہزار 696 افراد کو تیسرے انعام کے طور پر 18 ہزار 500 روپے فی کس دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق انعام حاصل کرنے والے افراد اصل پرائز بانڈ اور قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ اسٹیٹ بینک کے متعلقہ دفاتر، نامزد کمرشل بینکوں یا نیشنل سیونگز سینٹرز سے اپنی رقم وصول کرسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں پرائز بانڈز کو محفوظ سرمایہ کاری تصور کیا جاتا ہے کیونکہ سرمایہ کار کی اصل رقم برقرار رہتی ہے جبکہ مختلف قرعہ اندازیوں کے ذریعے انعام جیتنے کا موقع بھی موجود ہوتا ہے۔