بریکنگ نیوز

وزیرِ اعظم کا جنرل ہیڈکوارٹز کا دورہ

فروری 27, 2026 | admin
وزیرِ اعظم کا جنرل ہیڈکوارٹز کا دورہ

راولپنڈی: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کے سینئر ارکان کے ہمراہ جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک افغان سرحدی صورتحال اور حالیہ کشیدگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

جی ایچ کیو آمد پر وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عسکری قیادت نے افغانستان کی جانب سے سرحدی خلاف ورزیوں اور ان کے جواب میں کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بریفنگ میں بارڈر سکیورٹی اور دفاعی تیاریوں پر بھی روشنی ڈالی گئی جبکہ کابینہ کے ارکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:۔ آپریشن غضب للحق میں اب تک 274 خوارج ہلاک ہو چکے ہیں

وزیرِ اعظم نے اس موقع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:۔  باجوڑ میں دہشتگرد کی دراندازی ناکام،عبداللہ گرفتار

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان رجیم کے گٹھ جوڑ اور پاکستان مخالف سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی ناقابلِ قبول ہے اور ریاست اپنی خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی برقرار رکھی جائے گی اور سرحدوں کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔