بریکنگ نیوز

کوہاٹ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملہ،7 افراد شہید

فروری 24, 2026 | admin
کوہاٹ میں پولیس موبائل پر دہشت گرد حملہ،7 افراد شہید

کوہاٹ کے نواحی علاقے شکردرہ روڈ پر پولیس موبائل کو نشانہ بناتے ہوئے مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 7 افراد شہید جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کے مطابق منگل کے روز ہونے والے اس حملے میں ڈی ایس پی واحد محمود موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ تین پولیس اہلکار بھی جان کی بازی ہار گئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج مزید دو اہلکار دم توڑ گئے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں مجموعی طور پر 7 افراد شہید ہوئے جن میں ایک ڈی ایس پی، پانچ سکیورٹی اہلکار اور ایک شہری شامل ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق تین پولیس اہلکار اور ایک زخمی شہری تاحال زیر علاج ہیں۔

حکام کے مطابق حملہ آور واردات کے بعد پولیس موبائل کو آگ لگا کر موقع سے فرار ہوگئے۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔