دوسرے ون ڈے میں پاکستان کوشکست،سیریز برابر۔دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 270 رنز کا ہدف دیا، جسے مہمان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر صرف 38.5 اوورز میں حاصل کر کے سیریز کو ایک ایک سے برابر کر دیا۔
فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ صائم ایوب، سلمان آغا اور محمد نواز نے نصف سنچریاں بنائیں، جہاں سلمان آغا 69 اور محمد نواز 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آخری 10 اوورز میں پاکستان نے 90 رنز اسکور کیے، لیکن اوپنرز فخر زمان صفر، بابر اعظم 11 اور محمد رضوان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے وینیوزشارٹ لسٹ
جنوبی افریقہ کی جانب سے ناندرے برگر نے 4، پیٹر نے 3 اور کوربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم، مہمان ٹیم کے بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے شاندار 123 رنز کی ناقابل شکست سنچری جڑی، جبکہ ڈی زورزی نے 76 اور کپتان میتھیو برزکی نے 21 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ پاکستان کی جانب سے وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا، جبکہ تیسرا اور آخری میچ 8 نومبر کو فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔