غزہ امن اجلاس آج،8 ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ترکیہ کے شہر استنبول میں آج غزہ امن منصوبے پر مشاورتی اجلاس ہو رہا ہے، جس میں پاکستان سمیت آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہیں۔ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
اجلاس میں سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، اردن اور مصر کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوں گے۔ یہ اجلاس جنگ بندی کے نفاذ اور انسانی امداد کی فراہمی کے حوالے سے مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی کے مطابق پاکستان اجلاس میں جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد، مقبوضہ فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ سے اسرائیلی فوج کے مکمل انخلا، فلسطینی عوام تک بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیر نو پر زور دے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان آزاد، قابلِ بقا اور متصل فلسطینی ریاست کے قیام، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، کے حق میں بھی مضبوط موقف اختیار کرے گا۔ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ان کی عزت و انصاف کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ ماہ سے اب تک 236 فلسطینی شہید اور 600 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
پاکستان اور سات دیگر عرب و اسلامی ممالک مل کر اس امن کوشش کا حصہ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں غزہ امن معاہدہ شرم الشیخ میں طے پایا تھا۔