بریکنگ نیوز

افغانستان:ہندوکش میں 6.3 شدت کا زلزلہ،12 ہلاک

نومبر 3, 2025 | admin
افغانستان:ہندوکش میں 6.3 شدت کا زلزلہ،12 ہلاک

افغانستان:ہندوکش میں 6.3 شدت کا زلزلہ،12 ہلاک۔افغانستان کے ہندوکش خطے میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں 12 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہو گئے۔ مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

زلزلے کے جھٹکے افغانستان کے شہر مزار شریف سمیت دیگر علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے، جس کے باعث شہری خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے اور کھلے مقامات کی طرف دوڑنے لگے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لوگ آدھی رات میں اپنے گھروں سے باہر نکلے کیونکہ انہیں خدشہ تھا کہ مکانات گر سکتے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیرِ زمین گہرائی 28 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز صوبہ سمنگان کے ضلع خُلم سے تقریباً 22 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔

رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، تاجکستان، ازبکستان اور ایران میں بھی محسوس کیے گئے۔

واضح رہے کہ رواں سال 31 اگست کو افغانستان میں 6.0 شدت کے زلزلے میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ 2023 میں 6.3 شدت کے زلزلے اور آفٹر شاکس کے نتیجے میں کم از کم 4 ہزار اموات ہوئی تھیں۔