تربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ کے قافلے پر دھماکا اور فائرنگ، 6 پولیس اہلکار زخمی۔
تربت میں ڈپٹی کمشنر کیچ کے قافلے کے قریب بم دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ ڈپٹی کمشنر محفوظ رہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کا قافلہ گھر سے دفتر کی جانب روانہ تھا جب سٹی تھانے کے قریب موٹرسائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد دھماکے سے اڑا دیا گیا، جس کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔
زخمی اہلکاروں کو ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ بلوچستان، خصوصاً کیچ میں، سیکیورٹی فورسز اور سرکاری حکام پر حملے وقتاً فوقتاً ہوتے رہتے ہیں، تاہم اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروہ نے قبول نہیں کی۔