توشہ خانہ الزامات پر مریم نواز کی اہم قانونی کامیابی
لندن ہائی کورٹ میں مریم نواز کی قانونی فتح، نجی ٹی وی نے معافی مانگ لی
برطانیہ میں لندن ہائی کورٹ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حق میں فیصلہ دیا، جس کے بعد ایک نجی ٹی وی چینل نے توشہ خانہ الزامات کے حوالے سے مریم نواز شریف سے معافی مانگ لی۔
یہ بھی پڑھیں:۔ آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کے بیان پر ن لیگ کا اظہارِ لاتعلقی
مریم نواز نے ہائی کورٹ میں ’گلیکسی براڈکاسٹنگ نیٹ ورک یو کے‘ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ دعویٰ اُس پروگرام کے بارے میں تھا جس میں الزام لگایا گیا کہ مریم نواز نے بیوروکریٹس کے ساتھ مبینہ کرپشن کے ذریعے توشہ خانہ کی گھڑی خریدی تھی۔

17 نومبر 2022 کو نشر ہونے والے ٹاک شو میں کہا گیا تھا کہ مریم نواز نے سرکاری تحائف کے ذخیرہ (توشہ خانہ) سے ایک گھڑی حاصل کی، جس کی اصل مالیت 10 لاکھ روپے تھی، مگر اسے صرف 45 ہزار روپے میں خریدا۔
مریم نواز کے وکلاء ڈاؤٹی اسٹریٹ چیمبرز کے بیرسٹر ڈیوڈ لیمر اور اسٹون وائٹ سولی سیٹرز کی سعدیہ قریشی اور عشرت سلطانہ تھے۔
نجی ٹی وی چینل نے عدالت میں جاری ویڈیو بیان میں کہا کہ الزامات غیر ارادی طور پر لگائے گئے اور مریم نواز کو پہنچنے والی اذیت اور نقصان پر معذرت خواہ ہیں۔