فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ
راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قصور سیکٹر اور جلالپور پیروالا ملتان میں قائم سیلاب ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا، متاثرین سے ملاقات کی اور ان کی بحالی و آبادکاری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ بہتر ہم آہنگی کے ذریعے متاثرین کو مؤثر امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب اور دیگر اعلیٰ سول حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ ریاست ہر سال قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان کی متحمل نہیں ہو سکتی، اس لیے بار بار آنے والے سیلابی نقصانات سے بچاؤ کے لیے ضروری انفراسٹرکچر کی فوری ترقی اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے سول اور فوجی اداروں کے مربوط تعاون کو متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لیے کلیدی قرار دیا۔

سیلاب متاثرین سے بات چیت میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انہیں یقین دلایا کہ پاک فوج بحالی اور دوبارہ آبادکاری کے عمل میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ متاثرہ افراد نے بروقت امداد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

بعد ازاں فیلڈ مارشل نے ریلیف آپریشنز میں مصروف فوجی جوانوں، ریسکیو 1122 اور پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے عزم، حوصلے اور خدمت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے لاہور، قصور، ملتان اور جلالپور پیروالا کے سیلابی علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا تاکہ نقصانات اور جاری امدادی اقدامات کا براہِ راست مشاہدہ کیا جا سکے۔