اشتہار کے لیے جگہ (728x90)
تازہ ترین

خفیہ اطلاع کے بعد ایرانی قیادت کے اجلاس کو نشانہ بنایا گیا،امریکی میڈیا

خفیہ اطلاع کے بعد ایرانی قیادت کے اجلاس کو نشانہ بنایا گیا،امریکی میڈیا

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حالیہ حملے سے قبل امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کو ایرانی قیادت کے ایک اہم اجلاس کی اطلاع مل گئی تھی، جس کے بعد اسرائیل نے کارروائی کی۔

رپورٹ کے مطابق سی آئی اے کافی عرصے سے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نقل و حرکت اور قیام گاہوں پر نظر رکھے ہوئے تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وقت کے ساتھ خفیہ معلومات زیادہ مستند ہوتی گئیں اور حملے سے کچھ دیر قبل مبینہ طور پر اہم مقام کی درست نشاندہی کر لی گئی تھی۔

اخبار کے مطابق امریکی حکام کو اطلاع ملی تھی کہ تہران کے وسط میں واقع ایک کمپاؤنڈ میں اعلیٰ ایرانی قیادت کا اہم اجلاس منعقد ہونا ہے، جس میں سپریم لیڈر کی شرکت بھی متوقع تھی۔ اس نئی اطلاع کے بعد مبینہ طور پر امریکا اور اسرائیل نے اپنے حملے کے وقت میں تبدیلی کی تاکہ اس موقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس انٹیلی جنس معلومات نے کارروائی میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور حملہ مشترکہ منصوبہ بندی اور قریبی ہم آہنگی کے تحت کیا گیا۔ ابتدائی منصوبہ رات کے وقت کارروائی کا تھا، تاہم اجلاس کی اطلاع ملنے کے بعد وقت تبدیل کر کے ہفتہ کی صبح حملہ کیا گیا۔

امریکی اخبار کا مزید کہنا ہے کہ ایرانی قیادت ممکنہ خطرات کے باوجود مؤثر حفاظتی اقدامات نہ کر سکی۔ تاہم اس حوالے سے ایرانی حکام کی جانب سے باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔