بنوں میں تھانہ کینٹ کی حدود میں نمازِ عشاء کے بعد تین سگے بھائیوں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سوکڑی حسن خیل کے علاقے میں پیش آیا جہاں تینوں بھائی مسجد میں نماز کی ادائیگی کے لیے گھر سے نکلے تھے۔
اغوا ہونے والوں کی شناخت سعید اختر (کمشنر آفس کے ملازم)، امجد خان (پولیس اہلکار) اور حضرت اللہ (کمشنر اسکواڈ پولیس سے وابستہ) کے طور پر ہوئی ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دس سے بارہ مسلح افراد علاقے میں آئے اور تینوں افراد کو زبردستی ایک گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی طرف لے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد علاقے کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں جبکہ سوکڑی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔




