ترکی کے شہر بالکیسر میں ایک ایف 16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ جاں بحق ہو گیا۔
ترک نشریاتی ادارے بی بی سی ترک کے مطابق بالکیسر کے گورنر اسماعیل اُستاؤ اولو نے تصدیق کی کہ 9ویں مین جیٹ بیس کمانڈ سے اڑان بھرنے والا F-16 دورانِ مشن پرواز حادثے کا شکار ہوا۔ حادثے کے بعد پائلٹ کی لاش برآمد کر لی گئی۔
گورنر نے نجی ٹی وی Habertürk سے گفتگو میں بتایا کہ طیارہ ازمیر۔استنبول ہائی وے کے قریب گرا، جس کے باعث سڑک کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا۔ حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں طیارے کا ملبہ شاہراہ پر بکھرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
ترک وزارتِ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے سے ریڈیو رابطہ رات 00:56 کے بعد منقطع ہوا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گی۔
مقامی نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شدید بارش کے باعث امدادی اور تفتیشی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
واضح رہے کہ ترک مسلح افواج گزشتہ تقریباً 40 برس سے ایف 16 طیارے استعمال کر رہی ہیں۔ یہ لڑاکا طیارے 1987 میں ترک فضائیہ کے بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوئے تھے، اور اندازاً اس وقت 240 سے 250 کے درمیان ایف 16 طیارے سروس میں موجود ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق جدید کاری اور آپریشنل صورتحال کے باعث درست تعداد بتانا مشکل ہوتا ہے۔




