بریکنگ نیوز

چھ گھنٹے ڈرائیونگ،چھ گھنٹے کاانتظار اوربالآخر صرف چھ تصاویر

فروری 20, 2026 | admin
چھ گھنٹے ڈرائیونگ،چھ گھنٹے کاانتظار اوربالآخر صرف چھ تصاویر

چھ گھنٹے ڈرائیونگ،چھ گھنٹے کاانتظار اوربالآخر صرف چھ تصاویر— یہ کہانی ہے رائٹرز کے فوٹوگرافر فل نوبل کی، جنہوں نے سابق شہزادے اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونڈسر کی پولیس تفتیش کے بعد رہائی کے لمحات کو کیمرے میں محفوظ کیا۔

فل نوبل، جو مانچسٹر میں مقیم ہیں، نے رائٹرز کو بتایا کہ جیسے ہی گرفتاری کی خبر سامنے آئی، وہ فوراً چھ گھنٹے کی ڈرائیونگ کے بعد نورفولک پہنچے۔ اطلاع ملنے پر وہ ایلشام پولیس اسٹیشن گئے جہاں پہلے ہی چند میڈیا نمائندے موجود تھے۔

نوبل کے مطابق کئی گھنٹے گزرنے کے بعد اندھیرا چھا گیا اور یوں محسوس ہوا کہ شاید اب کچھ نہیں ہوگا۔ وہ اپنا سامان سمیٹ کر ہوٹل کی طرف روانہ ہوئے ہی تھے کہ اچانک فون آیا کہ اینڈریو کی گاڑی پولیس اسٹیشن سے نکل رہی ہے۔ وہ فوراً واپس بھاگے اور روانہ ہوتی گاڑیوں کی تصاویر لینے میں کامیاب ہو گئے۔

انہوں نے بتایا کہ لی گئی چھ تصاویر میں سے کچھ غیر واضح تھیں، کچھ میں پولیس نظر آ رہی تھی، لیکن ایک تصویر ایسی تھی جس میں سابق شہزادہ گاڑی کی پچھلی نشست پر ٹیک لگائے بیٹھا دکھائی دیتا ہے اور اس کے ہاتھ ڈھیلے انداز میں جکڑے ہوئے تھے۔ نوبل کے مطابق چلتی گاڑی کی تصویر لینا مہارت سے زیادہ قسمت کا کھیل ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق پولیس تفتیش کے دوران مشتبہ شخص کے حوالے سے مختلف قانونی آپشنز ہوتے ہیں۔ اگر شواہد موجود ہوں تو فرد پر الزام عائد کیا جاتا ہے، بصورت دیگر ’’نو فادر ایکشن‘‘ کے تحت رہا کر دیا جاتا ہے۔ ان دونوں کے درمیان ضمانت یا ’’ریلیز انڈر انویسٹی گیشن‘‘ (RUI) کا آپشن بھی ہوتا ہے۔

اینڈریو کو RUI کے تحت رہا کیا گیا، جس کا مطلب ہے کہ ان پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی اور وہ آزاد ہیں، جبکہ پولیس اپنی تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔ ماہرین کے مطابق RUI وہ صورت ہوتی ہے جب مزید تحقیقات درکار ہوں اور کسی فرد کی زندگی پر پابندیاں لگانا غیر ضروری سمجھا جائے۔ پولیس تحقیقات کب مکمل ہوں گی، اس بارے میں کوئی حتمی وقت سامنے نہیں آ سکا۔