پاکستان و سعودی دفاعی معاہدے میں ایرانی شمولیت کی خواہش
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں ایران کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
ایرانی اسپیکر نے مزید کہا کہ او آئی سی کو نیٹو کی طرز پر اسلامی ممالک کی مشترکہ فوج تشکیل دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کو صرف فلسطینیوں کی مدد اور تحفظ کے لیے اپنی فوج غزہ بھیجنی چاہیے، اور کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھانا چاہیے جس سے اسرائیلی تسلط مزید مضبوط ہو۔
قبل ازیں، ایرانی اسپیکر نے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور وفد سے ملاقات کے دوران پاکستان کی طرف سے اسرائیلی جارحیت کے دوران ایران کے ساتھ تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان امت مسلمہ کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے۔
محمد باقر نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران مشترکہ چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کا مل کر مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے میڈیکل، توانائی، بینکنگ اور دیگر شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پر بھی زور دیا۔