آئندہ 48 گھنٹوں تک تیز بارشوں کی پیش گوئی
اسلام آباد،ملک میں مون سون کا نواں اسپیل اگلے دو روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے دوران بالائی اور جنوبی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور گجرات میں گزشتہ روز شدید بارشیں ہوئیں جبکہ 6 ستمبر سے جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
ادارے کے مطابق بدین، سجاول اور تھرپارکر سمیت ساحلی اضلاع میں بھی موسلا دھار بارشوں کا خدشہ ہے۔ دریاؤں میں پانی کی آمد اور غیر معمولی بارشوں سے ملک کے مختلف حصوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 4 اور 5 ستمبر کو پنجند کے مقام پر راوی، چناب اور ستلج کے ریلے یکجا ہوں گے، جس سے خطرناک سیلاب کا خدشہ ہے۔ مرالہ ہیڈ ورکس پر پانی کا بہاؤ پانچ لاکھ 48 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جو اگلے چند روز میں خانکی، قادر آباد، تریمو، پنجند اور گڈو بیراج تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ریلے کے اوقات کار بھی جاری کیے گئے ہیں:
* آج رات 8 بجے خانکی،
* رات 3 بجے قادر آباد،
* 8 ستمبر کو صبح 7 بجے تریمو،
* 11 ستمبر کو پنجند،
* اور 13 ستمبر کو گڈو بیراج تک پہنچنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام ضلعی و مقامی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے۔ متاثرہ آبادیوں کے لیے 5700 ٹن سے زائد امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے جبکہ سول ادارے، فلاحی تنظیمیں اور افواج پاکستان مشترکہ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ہنگامی کٹ تیار رکھیں، اہم دستاویزات محفوظ کریں اور کسی بھی خطرے کی صورت میں مقامی انتظامیہ و ریسکیو ٹیموں سے فوری رابطہ کریں۔
