چاغی اور پشین میں آپریشنز،21 دہشتگرد مارے گئے

ہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

چاغی اور پشین میں آپریشنز،21 دہشتگرد مارے گئے-بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں کے دوران 21 دہشتگرد ہلاک ہوگئے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 افسران اور کسٹمز کے ایک اہلکار سمیت 6 بہادر اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چاغی کے علاقے نوکچہ اور ضلع پشین کے زیارت کراس کے قریب کارروائیاں کی گئیں، جہاں دہشتگردوں نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این 40 پر مسافروں کی آمدورفت متاثر کرنے کی کوشش کی۔

بیان کے مطابق دہشتگرد مبینہ طور پر بھتہ خوری کی غرض سے غیرقانونی چیک پوسٹ قائم کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اسی دوران دہشتگردوں نے کسٹمز ہاؤس پر قبضے کی کوشش کرتے ہوئے حملہ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 10 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ فرار ہونے والے دہشتگردوں کو بھی سیکیورٹی فورسز نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مزید دہشتگرد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

فائرنگ کے مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 2 افسران، دیگر اہلکاروں اور کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ایک سرکاری ملازم سمیت مجموعی طور پر 6 افراد شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشتگردی اور مجرمانہ سرگرمیوں کے درمیان گٹھ جوڑ کی عکاسی کرتا ہے۔ دہشتگردوں کا مقصد کسٹمز حکام کو اپنے قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جاری غیرقانونی سرگرمیوں کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے گردونواح کے علاقوں میں کلیئرنس آپریشنز بھی جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ علاقے میں موجود باقی دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہیں گی، جبکہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes