دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے،انہیں نشانہ بنایا جائے گا،فیلڈ مارشل-چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی اور دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے، انہیں نشانہ بنایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر چوکس رہا جائے اور آپریشنل تیاریوں کا معیار برقرار رکھا جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور ان کے خلاف جہاں بھی ضرورت پڑی، مؤثر کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں، غازیوں اور ان کے اہل خانہ سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے انتہا پسندانہ نظریات کو شکست دے گا۔
پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔





