آزاد کشمیرانتخابات،چوہدری یاسین کا دھاندلی کا الزام
آزاد کشمیرانتخابات،چوہدری یاسین کا دھاندلی کا الزام-پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے انتخابی عمل کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری یاسین نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن نے اپنی مرضی کے مطابق انتخابات کرائے، جبکہ موجودہ الیکشن کمشنر پر بھی انہوں نے مخصوص مقاصد کے تحت کام کرنے کا الزام لگایا۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کو بھی مبینہ طور پر مخصوص مقاصد کے لیے آزاد کشمیر لایا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن کو انتخابات میں زبردستی کامیاب کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
چوہدری یاسین نے حلقہ ایل اے 9 میں بھی انتخابی بے ضابطگیوں کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں صرف دھاندلی نہیں بلکہ بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ متنازع حلقوں میں شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کئی ماہ قبل ہی مسلم لیگ ن کی کامیابی کا اعلان کر دیا تھا۔ چوہدری یاسین کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے انتخابات مرحلہ وار کرانے کی مخالفت پہلے ہی دن سے کی تھی۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ موجودہ انتخابی صورتحال نے 2016 کے انتخابات کی یاد تازہ کردی ہے۔ ان کے مطابق مسلم لیگ ن نے پہلے 80 فیصد متنازع حلقوں میں تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم بعد میں اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ گئی۔
چوہدری یاسین نے مطالبہ کیا کہ جن حلقوں میں انتخابی عمل پر اعتراضات سامنے آئے ہیں، وہاں مکمل تحقیقات کرائی جائیں تاکہ انتخابی نتائج پر اٹھنے والے سوالات کا شفاف طریقے سے جواب دیا جاسکے۔
