ایل اے 17 باغ،حویلی میں انتخابی تیاریاں مکمل
ایل اے 17 باغ،حویلی میں انتخابی تیاریاں مکمل- آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 17 باغ 4 حویلی میں انتخابات کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ حلقے میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 17 ہزار 514 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ریٹرننگ آفیسر کے دفتر سے جاری تفصیلات کے مطابق حلقے میں پولنگ کے لیے 199 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جہاں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر 10 سیکیورٹی اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
حلقے کے 199 پولنگ اسٹیشنز میں 50 کو حساس جبکہ 25 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے اضافی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتخابی حکام کے مطابق حلقے میں 12 یونین کونسلز اور ٹاؤن کمیٹی کے علاقوں میں بھی پولنگ ہوگی۔ دور دراز علاقوں بھیڈی، ہلہ اور کیرنی سمیت دیگر مقامات پر انتخابی سامان پہنچانے کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔
انتخابی سامان کی ترسیل اور انتظامی امور کو بہتر انداز میں مکمل کرنے کے لیے حویلی کے علاقے کو 16 سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ ہوگی، جبکہ پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات ملتوی کیے جاچکے ہیں۔
حالیہ انتخابات میں کئی اہم سیاسی شخصیات بھی میدان میں موجود ہیں۔ انتخابی مقابلے میں تین سابق وزرائے اعظم بھی حصہ لے رہے ہیں، جن میں مسلم کانفرنس کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان، آئی پی پی کے سربراہ اور سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور بھی شامل ہیں۔
