سرفراز احمد اور عمر گل پر بھی تلوار لٹک گئی

ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ذمہ داریوں سے فارغ کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

سرفراز احمد اور عمر گل پر بھی تلوار لٹک گئی-انگلینڈ کے دورے پر پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد ٹیم مینجمنٹ میں بھی اہم تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ذمہ داریوں سے فارغ کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد کی جگہ قومی ٹیسٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری مائیک ہیسن کو دی جاسکتی ہے، جو پہلے ہی پاکستان کی وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

اسی طرح عمر گل کی جگہ ایشلے نوفکے کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا بولنگ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز احمد کی کوچنگ میں پاکستان نے اب تک 6 ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں، جن میں قومی ٹیم صرف ایک میچ جیت سکی جبکہ پانچ مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کی خراب کارکردگی میں بنگلہ دیش کے خلاف بیرون ملک ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش بھی شامل ہے، جس کے بعد ٹیم کی کوچنگ اور مینجمنٹ پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔

انگلینڈ کے موجودہ دورے میں بھی پاکستان ٹیم توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ لیڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کو اننگز سے شکست ہوئی، جبکہ لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ کے دوران بھی صورتحال بہتر نہ ہوسکی اور پاکستان کو 194 رنز کے بڑے فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز بھی انگلینڈ کے ہاتھوں گنوا دی۔

مسلسل ناکامیوں کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسکواڈ میں بھی تبدیلیاں شروع کردی ہیں۔ اوپنر امام الحق اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو فوری طور پر وطن واپس بھیجے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ مزید کئی کھلاڑیوں کو انگلینڈ روانہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کے مطابق کوچنگ اسٹاف میں تبدیلیوں سے متعلق حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

😠
سخت نا پسند
0 Votes
😑
بہتر ہو سکتی تھی
0 Votes
😉
ٹھیک ہے
0 Votes
🙂
اچھی ہے
0 Votes
👍
بہت اچھی ہے
0 Votes