عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی-امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بین الاقوامی ذرائع کے مطابق معاہدے کے بعد نیویارک آئل مارکیٹ میں برینٹ کروڈ اور امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمتوں میں 3 سے 5 فیصد تک کمی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 3.80 فیصد کمی کے بعد 73.93 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگیا، جبکہ برینٹ کروڈ آئل 3.30 فیصد کمی کے ساتھ 76.96 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔
رپورٹس کے مطابق 28 فروری کو کشیدگی کے آغاز سے قبل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت تقریباً 67 ڈالر اور برینٹ آئل 72 ڈالر فی بیرل کے قریب تھی، تاہم جنگ کے آغاز کے بعد قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔
معاہدے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے جس کے باعث مارکیٹ میں قیمتوں پر دباؤ کم ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کے تحت خلیج فارس اور آبنائے ہرمز سے تجارتی بحری جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمدورفت دوبارہ شروع ہونے کی توقع ہے، جس سے عالمی تیل ترسیل میں بہتری آئے گی۔