وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر بطور ثالث دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد معاہدے کے نفاذ کا عمل باضابطہ طور پر مکمل ہو گیا۔
وزیرِ اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان پہلے ہی دستخط کر چکے تھے، جبکہ پاکستان نے ثالثی کردار ادا کرتے ہوئے معاہدے کی توثیق کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدے کا مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنا، سفارتی روابط کو فروغ دینا اور اہم تنازعات کے حل کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک نے بعض اہم امور پر پیش رفت کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق معاہدے پر دستخطوں کے بعد یہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ایک تقریب کے دوران کیے، جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا نے صدر مسعود پزشکیان کی دستخط کرتے ہوئے تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
مبصرین کے مطابق اس پیش رفت کو خطے میں سفارتی سرگرمیوں اور کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔