ABS24
نیوز
ABS24 News Network

مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا Mi-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار،تمام سوار اہلکار شہید

👁️ 13 مرتبہ پڑھا گیا
مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا Mi-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار،تمام سوار اہلکار شہید

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے قریب پاک فوج کا ایک Mi-17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام اہلکار شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا Mi-17 ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز کے دوران ٹیک آف کر رہا تھا کہ اچانک فنی خرابی پیدا ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر زمین پر گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں موجود تمام اہلکار شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا، تاہم کسی بھی اہلکار کے زندہ بچنے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا گیا ہے جو واقعے کے تمام تکنیکی اور انتظامی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لے گا۔

حادثے پر چیف آف آرمی اسٹاف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت مسلح افواج کے تمام رینکس نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا گیا۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید اہلکاروں کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔