اہم خبر
ABS24
نیوز
ABS24 News Network

فلپائن میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ،سونامی الرٹ جاری

👁️ 8 مرتبہ پڑھا گیا
فلپائن میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ،سونامی الرٹ جاری

فلپائن میں 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ، سونامی الرٹ جاری-فلپائن کے جنوبی جزیرے منڈاناؤ میں پیر کی صبح 7.8 شدت کا طاقتور زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کے بعد متعدد ساحلی علاقوں میں سونامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7:37 بجے آیا، جس کا مرکز صوبہ سارنگانی کے ساحل کے قریب سمندر میں تھا۔ شدید جھٹکوں کے باعث جنرل سانتوس شہر اور قریبی علاقوں میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا، دیواریں منہدم ہوئیں جبکہ کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔

زلزلے کے دوران داواؤ اوکسیڈنٹل کے ماہایاہائے ایلیمنٹری اسکول میں طلبہ اور اساتذہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں بچوں کو میزوں کے نیچے پناہ لیتے اور اساتذہ کو انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

فلپائن کے ادارہ برائے آتش فشاں و زلزلہ پی ایچ آئی وی او ایل سی ایس (PHIVOLCS) نے سارنگانی، داواؤ اوکسیڈنٹل، سلطان کدرات، ساؤتھ کوٹاباٹو سمیت کئی ساحلی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کرتے ہوئے 1 سے 3 میٹر بلند لہروں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حکام نقصانات کا تخمینہ لگانے میں مصروف ہیں۔

فلپائنی صدر فردیننڈ مارکوس جونیئر نے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں اور بعض سرکاری امور عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے امدادی ٹیمیں اور ضروری سامان متاثرہ علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فلپائن بحرالکاہل کے ’’رِنگ آف فائر‘‘ میں واقع ہے، جو دنیا کے ان خطوں میں شمار ہوتا ہے جہاں زلزلے اور آتش فشانی سرگرمیاں کثرت سے رونما ہوتی ہیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سونامی الرٹ پر سختی سے عمل کریں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔