اہم خبر
ABS24
نیوز
ABS24 News Network

کمبوڈیا میں 200 سے زائد پاکستانی شہریوں کی گرفتاری

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
کمبوڈیا میں 200 سے زائد پاکستانی شہریوں کی گرفتاری

 کمبوڈیا میں 200 سے زائد پاکستانی شہریوں کو پولیس نے حراست میں لے رکھا ہے جہاں ان کی حالت انتہائی خراب بتائی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق حراستی مراکز میں خوراک، صاف پانی اور مناسب رہائش جیسی بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے، جبکہ قیدیوں کو گنجائش سے زیادہ بھرے اور غیر محفوظ کمروں میں رکھا گیا ہے۔

جیو نیوز کے یو کے نامہ نگار مرتضیٰ علی شاہ کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ان شہریوں کی خراب صورتحال واضح دیکھی جا سکتی ہے، جس پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

متاثرہ افراد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کے عزیزوں کو بیرون ملک اچھی نوکری اور بہتر مستقبل کا جھانسہ دے کر کمبوڈیا بھیجا گیا تھا، لیکن وہاں پہنچنے کے بعد انہیں مبینہ طور پر سائبر فراڈ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں دھکیل دیا گیا۔ بعض افراد جب وہاں سے نکلنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑے گئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

پاکستانی کمیونٹی اور متاثرین کے اہل خانہ نے دفتر خارجہ پاکستان اور کمبوڈیا میں پاکستانی سفارتخانے سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گرفتار شہریوں کو فوری طور پر بنیادی انسانی حقوق فراہم کیے جائیں، ان کی رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں اور انہیں بحفاظت وطن واپس لایا جائے۔

ماہرین کے مطابق یہ واقعہ انسانی اسمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے اور بیرون ملک نوکری کے جھانسوں کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک میں بے روزگاری اور معاشی مشکلات کے باعث نوجوان غیر قانونی راستے اختیار کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

تاحال دفتر خارجہ پاکستان یا کمبوڈیا میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جبکہ متاثرین کے اہل خانہ فوری حکومتی کارروائی کے منتظر ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔