امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جاری مذاکرات کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کا بنیادی مطالبہ صرف یہ ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے کا تحریری وعدہ کرے۔
پی بی ایس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اگر مقررہ وقت تک معاہدہ نہ ہوا تو نہ جنگ بندی میں توسیع کی جائے گی اور نہ ہی موجودہ پابندیوں یا اقدامات میں نرمی آئے گی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں صورتحال کشیدہ ہو سکتی ہے اور جنگ کے امکانات بڑھ جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس اب بھی وقت ہے، تاہم امریکا کسی کمزور یا جلد بازی میں کیے گئے معاہدے کو قبول نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایران مذاکرات میں شریک نہیں ہوتا تو یہ اس کا فیصلہ ہوگا، لیکن امریکا اپنی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ٹرمپ کے مطابق ایران کی شرکت کے بارے میں اب بھی غیر یقینی صورتحال موجود ہے، تاہم مذاکرات کا مقصد واضح ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔
امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ اگر ایران تنازع میں کمی لاتا ہے تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ممکن ہے۔ ان کے مطابق درست فیصلہ ہونے کی صورت میں معاشی صورتحال بہتر ہو سکتی ہے۔