ایران کا تاریخی اسپورٹس اسٹیڈیم تباہ-رپورٹس کے مطابق ایران میں جاری کشیدگی کے دوران ایک اہم اور تاریخی اسپورٹس اسٹیڈیم کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں یہ اسٹیڈیم تباہی کا شکار ہوا، جہاں ماضی میں کئی اہم اور یادگار کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے رہے تھے۔
یہ اسٹیڈیم 1974 میں ایشین گیمز کے موقع پر تعمیر کیا گیا تھا اور اسے ایران کے نمایاں اسپورٹس مراکز میں شمار کیا جاتا تھا۔ یہاں والی بال، باسکٹ بال، آئس اسکیٹنگ اور گھڑ سواری سمیت مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوتے تھے، جس کی وجہ سے یہ مقام کھیلوں کے ساتھ ساتھ ثقافتی اہمیت بھی رکھتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس اسٹیڈیم کا مرکزی ہال اپنی منفرد تعمیر کے باعث خاص شہرت رکھتا تھا، جہاں بیک وقت تقریباً 12 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود تھی۔ یہ وسیع ہال تقریباً 20 ہزار مربع میٹر رقبے پر مشتمل تھا اور اسے صرف چار ستونوں کے سہارے کھڑا کیا گیا تھا، جو انجینئرنگ کا ایک نمایاں نمونہ سمجھا جاتا تھا۔
حالیہ حملوں کے بعد اس تاریخی عمارت کے ملبے میں تبدیل ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس پر عوامی اور عالمی سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
