اشتہار کے لیے جگہ (728x90)

کویت اور سعودی عرب میں ایرانی حملوں سے 4 افراد جاں بحق

کویت اور سعودی عرب میں ایرانی حملوں سے 4 افراد جاں بحق

کویت اور سعودی عرب میں ایرانی حملوں سے 4 افراد جاں بحق، کویت میں کثیر منزلہ عمارت کو آگ

ایران کی جانب سے اتوار کو کیے گئے حملوں کے نتیجے میں سعودی عرب اور کویت میں کم از کم چار افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ کویت سٹی میں ایک بلند و بالا عمارت میں آگ بھڑک اٹھی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت سٹی میں ایک ہائی رائز عمارت کے بالائی حصوں میں اس وقت آگ لگ گئی جب مبینہ طور پر ایک ایرانی ڈرون نے اسے نشانہ بنایا۔ آگ نے عمارت کی متعدد منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور شعلے دور سے دیکھے جا سکتے تھے۔

رپورٹ کے مطابق جس عمارت کو نشانہ بنایا گیا وہ عوامی ادارہ برائے سماجی تحفظ کا ہیڈکوارٹر ہے۔ حملے کے بعد عمارت کی بالائی منزلوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔

ادھر سعودی عرب کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ایرانی ڈرون حملوں کے باوجود براہ راست جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ریاض کے جنوب میں الخرج گورنریٹ کے ایک رہائشی علاقے میں گرنے والے پروجیکٹائل کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور بارہ زخمی ہوگئے۔

سعودی شہری دفاع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک بھارتی اور ایک بنگلہ دیشی شہری شامل ہیں۔ حکام کے مطابق پروجیکٹائل ایک رہائشی مقام پر گرا جس سے اطراف کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب اطلاعات کے مطابق کویت کی سرحد پر تعینات دو کویتی محافظ بھی حملوں کے دوران ہلاک ہوئے، جس کے بعد اتوار کے روز مجموعی ہلاکتوں کی تعداد چار ہو گئی۔

ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے الخرج سمیت مختلف مقامات پر ریڈار نظام کو نشانہ بنایا۔ دوسری طرف ایران کا کہنا ہے کہ وہ خلیجی ممالک میں اہداف کو اس لیے نشانہ بنا رہا ہے کیونکہ وہ براہ راست امریکہ تک نہیں پہنچ سکتا۔

یاد رہے کہ اٹھائیس فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کے آغاز کے بعد خطے میں کشیدگی میں شدید اضافہ ہو گیا ہے۔ اس کے بعد سے خلیجی ممالک میں مختلف حملوں کے نتیجے میں اب تک اٹھارہ افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں دس عام شہری بھی شامل ہیں۔