ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.34 🇪🇺 یورو ₨323.15 🇬🇧 پاؤنڈ ₨373.66 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.22 🇦🇪 درہم ₨75.79 🇨🇳 چینی یوان ₨41.11

سپلائی بحال نہ ہوئی تو پیر سے پیٹرول پمپس بند

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
سپلائی بحال نہ ہوئی تو پیر سے پیٹرول پمپس بند

ملک میں پیٹرول کی ممکنہ قلت، سپلائی بحال نہ ہوئی تو پیر سے پیٹرول پمپس بند ہونے کا خدشہ

اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی فوری طور پر بحال نہ کی گئی تو پیر سے ملک کے مختلف حصوں میں پیٹرول پمپس بند ہونا شروع ہو سکتے ہیں۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے جس کے باعث پیٹرول پمپ مالکان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈیلرز کے مطابق صورتحال یہی رہی تو عوام کو پیٹرول اور ڈیزل کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

مرکزی سیکرٹری جنرل چوہدری عرفان الٰہی کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں ملک بھر میں پیٹرول کی سپلائی تقریباً پچاس فیصد تک کم ہو گئی ہے جبکہ ڈیزل کی فراہمی معمول کے مقابلے میں صرف بیس فیصد رہ گئی ہے۔ ان کے مطابق اس صورتحال سے ٹرانسپورٹ کا شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

لاہور کے صدر جہانزیب ملک اور وسطی پنجاب کے صدر نعمان مجید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریٹیل آؤٹ لیٹس کو پیٹرول کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے معائنوں کے دوران سپلائی ڈپوز کے بجائے پیٹرول پمپوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ بعض نجی کمپنیوں پر ذخیرہ اندوزی کے الزامات بھی سامنے آ رہے ہیں جس سے مصنوعی قلت پیدا ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے بھی ایک روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ محدود سپلائی کے باعث پیٹرول پمپ عوام کی طلب پوری کرنے سے قاصر ہو رہے ہیں۔

ادھر مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور قیمت چوراسی ڈالر فی بیرل تک پہنچ چکی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین نے اپنی بڑی ریفائنریز کو ڈیزل اور پیٹرول کی برآمدات روکنے کی ہدایت دی ہے جبکہ جاپان، انڈونیشیا اور بھارت سمیت کئی ممالک میں بھی ریفائنری پیداوار میں کمی اور برآمدات عارضی طور پر محدود کی جا رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کیے جانے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے جس پر اقوام متحدہ نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ توانائی کے ماہرین کے مطابق اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت ایک سو پچاس ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔