بریکنگ نیوز

ایپسٹین فائلز میں نام،ناروے وزیراعظم کی خودکشی کی کوشش

فروری 25, 2026 | admin
ایپسٹین فائلز میں نام،ناروے وزیراعظم کی خودکشی کی کوشش

ایپسٹین فائلز میں نام سامنے آنے کے بعد ناروے کے سابق وزیرِاعظم اور نوبیل امن کمیٹی کے سابق چیئرمین تھوربیورن جیگ لینڈ نے مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 75 سالہ جیگ لینڈ کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور وہ زیرِ علاج ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جیگ لینڈ کا نام مبینہ ایپسٹین فائلز میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد ان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے گئے۔ اسی تناظر میں ناروے کی پولیس نے رواں ماہ ان کی رہائش گاہوں پر چھاپے بھی مارے تھے۔

کونسل آف یورپ کے سابق سیکرٹری جنرل رہنے والے جیگ لینڈ 2009 سے 2015 تک نوبیل امن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہے۔ وہ ناروے کی سیاست میں ایک نمایاں اور بااثر شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ دستاویزات میں مبینہ طور پر یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ جیگ لینڈ کے ایپسٹین کے ساتھ کئی برسوں پر محیط روابط تھے اور انہیں مختلف ممالک کے دوروں اور پرتعیش رہائش کی پیشکش کی گئی تھی۔ تاہم ان الزامات کی باضابطہ قانونی حیثیت اور حتمی نتائج تاحال سامنے نہیں آئے۔

واقعے کے بعد ناروے میں سیاسی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ حکام کی جانب سے تحقیقات جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔