پشاور: پاکستان میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد کل بروز جمعرات 19 فروری 2026 کو ملک بھر میں پہلا روزہ رکھا جائے گا۔
چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے پشاور میں اجلاس کے بعد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند دیکھنے کی مستند شہادتیں موصول ہوئیں، جس کی بنیاد پر یکم رمضان المبارک کا اعلان کیا گیا۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا جس میں ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے زین العابدین نے شرکت کی۔
پشاور کے علاوہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے، جہاں سے موصول ہونے والی شہادتیں مرکزی کمیٹی کو ارسال کی گئیں۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے رکن مفتی عتیق اللہ کے مطابق سب سے پہلے اپر دیر سے پانچ شہادتیں موصول ہوئیں جبکہ ضلع مہمند سے چھ شہادتیں زونل کمیٹی کو ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر مرکزی کمیٹی کو 40 شہادتیں موصول ہوئیں۔
اجلاس سے قبل مولانا عبدالخبیر آزاد نے عوام سے چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی تھی کہ اس سال بھی ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کا آغاز ہوگا۔
دوسری جانب بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے بعد 19 فروری کو پہلا روزہ رکھا جائے گا۔