وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت سے متعلق کل کی اپنی تمام مصروفیات منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد سانحے میں شہید ہونے والوں سے اظہارِ یکجہتی اور سوگ منانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ اسلام آباد مسجد خودکش حملہ آور کی شناخت،افغانستان سے تربیت کا انکشاف
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز شریف نے بتایا کہ لبرٹی اسکوائر پر شیڈول میگا بسنت شو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں قومی اتحاد ناگزیر ہے اور پوری قوم کو خوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف متحد رہنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:۔ اسلام آباد،ترلائی امام بارگاہ دھماکہ،31 نمازی شہید،درجنوں زخمی
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی میں مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعہ کی نماز کے دوران خودکش دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 30 افراد شہید جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت ہو چکی ہے، جس نے افغانستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور متعدد بار افغانستان کا سفر بھی کر چکا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں موجود مختلف دہشت گرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں پورے خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، جبکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائیوں کے پس پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ شامل ہے۔
