امتِ مسلمہ آج شبِ برات مذہبی عقیدت، احترام اور روحانی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر کی مساجد میں خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں رات بھر نوافل، ذکر و اذکار اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
شبِ برات کے موقع پر شہری اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر اپنی، اہلِ خانہ، عزیز و اقارب کی سلامتی، ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں گے۔ مساجد میں حسنِ قرأت، حمد و نعت، درود و سلام اور ذکرِ الٰہی کی روح پرور محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔
شبِ برات میں “شب” سے مراد رات جبکہ “برات” کا مطلب نجات یا رہائی ہے۔ یہ رات اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور جہنم کی آگ سے نجات کی رات سمجھی جاتی ہے، جس میں مسلمان اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہیں۔
اس موقع پر ملک بھر کی مساجد کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ لاہور میں مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد سمیت دیگر بڑی مساجد میں عبادات کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
نفلی عبادات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے مرحوم عزیزوں کی قبروں پر حاضری دے رہے ہیں، جہاں قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے ذریعے ایصالِ ثواب کیا جا رہا ہے۔ شبِ برات کے احترام میں آج روزہ بھی رکھا جائے گا۔