پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان 14 سال کے طویل وقفے کے بعد براہِ راست فضائی رابطہ بحال ہوگیا ہے۔ بنگلادیش کی قومی ایئرلائن کی پہلی براہِ راست پرواز ڈھاکا سے کراچی پہنچ گئی، جس نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔
کراچی ایئرپورٹ پر بنگلادیشی پرواز کا شاندار استقبال کیا گیا اور طیارے کو واٹر سلوٹ پیش کیا گیا۔ پرواز کا دورانیہ تقریباً 3 گھنٹے رہا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کی جانب سے اس موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ براہِ راست پروازوں کی بحالی کو دونوں ممالک کے درمیان سفری اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ابتدائی مرحلے میں ڈھاکا اور کراچی کے درمیان ہفتے میں دو پروازیں چلائی جائیں گی، جو جمعرات اور ہفتہ کے روز آپریٹ ہوں گی۔
یہ فضائی رابطہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔