ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.34 🇪🇺 یورو ₨323.15 🇬🇧 پاؤنڈ ₨373.66 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.22 🇦🇪 درہم ₨75.79 🇨🇳 چینی یوان ₨41.11

بنگلادیش میں انقلابی طالبعلم کے قتل پر بھارت مخالف پُرتشدد مظاہرے

👁️ 2 مرتبہ پڑھا گیا
بنگلادیش میں انقلابی طالبعلم کے قتل پر بھارت مخالف پُرتشدد مظاہرے

بنگلادیش میں انقلابی طالبعلم کے قتل پر بھارت مخالف پُرتشدد مظاہرے

بنگلادیش میں انقلابی طالبعلم رہنما شریف عثمان ہادی کے قتل کے بعد ملک بھر میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہروں کی لہر دوڑ گئی ہے۔ دارالحکومت ڈھاکا سمیت مختلف شہروں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جنہوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے عوامی لیگ اور بعض میڈیا اداروں کے دفاتر کو آگ لگا دی جبکہ کئی اہم شاہراہیں بھی بند کر دی گئیں۔

مظاہروں کے دوران سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ مشتعل مظاہرین کا کہنا ہے کہ عثمان ہادی کو منظم سازش کے تحت قتل کیا گیا اور جب تک ذمہ داروں کو سزا نہیں ملتی احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

ادھر راجشاہی شہر میں مظاہرین کی جانب سے بانیِ بنگلادیش شیخ مجیب الرحمان کی رہائش گاہ کو نذر آتش کرنے کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر حکام نے مختلف علاقوں میں اضافی سکیورٹی تعینات کرتے ہوئے حساس مقامات پر نگرانی سخت کر دی ہے۔

شریف عثمان ہادی گزشتہ برس جولائی میں حسینہ واجد حکومت کے خلاف چلنے والی طلبہ تحریک کے نمایاں رہنما تھے اور طلبہ کی جانب سے قائم سیاسی پلیٹ فارم ’’انقلاب منچہ‘‘ کے ترجمان کی حیثیت سے بھی سرگرم تھے۔ انہیں گزشتہ جمعے کو ڈھاکا میں نامعلوم حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا تھا۔ ابتدائی علاج کے بعد انہیں مزید علاج کے لیے سنگاپور منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔

تفتیشی اداروں کے مطابق حملہ آور بھارت کی سرحد سے غیرقانونی طور پر بنگلادیش میں داخل ہوئے اور واردات کے بعد دوبارہ بھارت فرار ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مرکزی مشتبہ شخص کی شناخت فیصل کریم مسعود کے نام سے ہوئی ہے جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے شخص کو عالمگیر شیخ بتایا جا رہا ہے۔

اب تک واقعے میں 14 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن میں فیصل کے والد ہمایوں کبیر، والدہ ہاسی بیگم، اہلیہ شاہدہ پروین سمیہ اور بھائی واحد احمد سیپو بھی شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے نے بنگلادیش کی سیاسی فضا کو شدید کشیدگی سے دوچار کر دیا ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔