عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن کے استعمال پر راولپنڈی پولیس کا موقف
راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں کے اڈیالہ جیل کے قریب دھرنے کے موقع پر واٹر کینن کے استعمال کے حوالے سے راولپنڈی پولیس نے اپنا موقف واضح کر دیا۔
پولیس کے بیان کے مطابق اڈیالہ جیل حساس اور گنجان آباد علاقہ ہے، جہاں سیکیورٹی اور ٹریفک کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس پر عمل درآمد کو یقینی بنانا بھی پولیس کی ذمہ داری ہے۔
راولپنڈی پولیس نے کہا کہ رات کے وقت ملاقات کا وقت نہیں ہوتا اور بغیر عدالتی حکم کسی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سیاسی جماعت کے ارکان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد قانون نافذ کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا گیا۔
پولیس نے مزید کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی اور اڈیالہ جیل کے حساس علاقے میں اس قسم کی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یہ کارروائی پولیس کی انتہائی تحمل اور حکمت عملی کا نتیجہ تھی تاکہ شر پسندوں کو منتشر کیا جا سکے اور قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔