اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان کا نہیں بلکہ بھارت کا وطیرہ ہے، ہم دشمن کو چھپ کر نہیں بلکہ للکار کر جواب دیتے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ قومی علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ریاستِ طیبہ اور ریاستِ پاکستان کا آپس میں روحانی اور تاریخی تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے محافظینِ حرمین کا اعزاز پاکستان کو عطا کیا، جبکہ سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ جن قوموں نے علم اور قلم کو چھوڑا وہ انتشار اور فساد کا شکار ہوئیں۔ عزت اور طاقت ہمیشہ محنت اور علم سے حاصل ہوتی ہے، تقسیم اور انتشار سے نہیں۔
چیف آف ڈیفنس فورسز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے معرکۂ حق میں اللہ کی نصرت سے کامیابی حاصل کی، جبکہ اسلامی ریاست میں جہاد کا اعلان صرف ریاست ہی کر سکتی ہے۔ انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ قوم میں اتحاد پیدا کریں اور عوام کی سوچ میں وسعت لائیں۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ زندہ باد۔
