پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر پرا بووو سوبیانتو کا شاندار فضائی استقبال کیا۔ چھ جے ایف-17 تھنڈر طیاروں پر مشتمل دستے نے صدر کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی روایتی فضائی مشایعت فراہم کی، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط مہمان نوازی اور برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔
فارمیشن لیڈر نے صدر پرا بووو سوبیانتو کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی احترام کو اجاگر کیا۔ یہ فضائی اسکارٹ نہ صرف خیر سگالی کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے بلکہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دوستانہ تعلقات کو بھی مضبوط کرتی ہے۔
جے ایف-17 تھنڈر پاک فضائیہ کی جدید صلاحیتوں کا مظہر ہے، یہ 4.5 جنریشن کا ہمہ جہت اور انتہائی موثر لڑاکا طیارہ ہے۔ پاکستان کی جانب سے مہمانانِ گرامی کو فراہم کی جانے والی یہ فضائی مشایعت پاک فضائیہ کی دیرینہ روایت کا حصہ ہے، جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی واضح کرتی ہے۔