اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسرز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ بھارت کسی قسم کی غلط فہمی یا خود فریبی میں نہ رہے، آئندہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان کا جواب پہلے سے بھی زیادہ برق رفتار، سخت اور مؤثر ہوگا۔
نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب ضروری ہے کہ پاکستان ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے یکجا اور مربوط نظام کے تحت مزید مضبوط کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی چیلنجز کے پیش نظر دفاعی ڈھانچے میں بنیادی تبدیلی ناگزیر تھی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام ایک تاریخی قدم ہے جو موجودہ اور مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تینوں سروسز اپنی انفرادی شناخت اور آپریشنل تیاریوں کی خودمختاری برقرار رکھیں گی، جبکہ نیا ہیڈ کوارٹرز آپریشنز کو ہم آہنگ اور مربوط بنانے کا کردار ادا کرے گا۔
خطاب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے طالبان حکومت کو بھی دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طالبان کے پاس صرف دو راستے ہیں — یا تو پاکستان کے دشمن گروہوں کا ساتھ چھوڑیں یا پھر نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے مگر کسی کو بھی ملکی خودمختاری، سلامتی اور قومی مفادات کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی حفاظت ایمان سے سرشار جوانوں، متحد قوم اور مضبوط دفاعی اداروں کے عزم نے کر رکھی ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان اپنے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔