بریکنگ نیوز

قلات میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گرد ہلاک

دسمبر 7, 2025 admin
سیکیورٹی فورسز کا قلات میں آپریشن، 12 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک

 راولپنڈی: بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملی، جس پر فوراً قلات میں کارروائی کی گئی۔ دہشت گردوں کے ساتھ شدید جھڑپ میں 12 افراد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز وژن "عزم استحکام” کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ مارے گئے دہشت گرد متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قلات میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ متحد ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو چھپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں ڈیرہ بگٹی میں تقریباً 100 دہشت گرد اور فراری کمانڈرز نے ریاست کے سامنے سرنڈر کیا، جبکہ قلات میں فتنہ الہندوستان کے 12 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ ماضی میں دہشت گردی میں ملوث افراد کو ایک موقع فراہم کیا جا رہا ہے، لیکن ریاست کی حفاظت کے لیے ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔