تیسرے ون ڈے میں بھی سری لنکا کو شکست،سیریز پاکستان کے نام- پاکستان نے سری لنکا کو سیریز کے آخری ون ڈے میچ میں 6 وکٹوں سے ہرا کر تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کلین سویپ مکمل کردیا۔
فخر زمان، محمد رضوان اور حسین طلعت کی شاندار اننگز نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
میچ میں کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو مؤثر ثابت ہوا۔ سری لنکن ٹیم پاکستان کے بولرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹِک سکی اور 45.2 اوورز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے سدھیرا 48، کوشل مینڈس 34 اور پون 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی بولنگ میں محمد وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فیصل اکرم اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہین آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ تھا اور حسیب اللہ خان بغیر رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ فخر زمان اور بابر اعظم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور 82 تک پہنچایا۔ فخر زمان 55 اور بابر اعظم 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
چار وکٹوں کے نقصان کے بعد محمد رضوان اور حسین طلعت نے ٹیم کو سنبھالا اور 100 رنز کی مضبوط شراکت قائم کرتے ہوئے پاکستان کو کامیاب منزل تک پہنچایا۔ محمد رضوان 62 جبکہ حسین طلعت 42 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے جیفری نے 3 اور مہیش نے 1 وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان ٹیم میں چار تبدیلیاں کی گئی تھیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی فٹنس حاصل کرنے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہوئے۔