سوشل میڈیا پر تنقید،ڈاکٹر نبیہ علی جذباتی ہوگئیں- سوشل میڈیا پر تنقید کے شدید دباؤ کے بعد کلینیکل سائیکالوجسٹ، سابق نیوز اینکر اور انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہہ علی خان ایک گفتگو کے دوران جذباتی ہو گئیں۔
نبیہہ نے اپنی زندگی کی تلخ حقیقتیں اور جدوجہد بھرا سفر بیان کیا، جس میں شادی کے دوران اٹھنے والے اعتراضات، لباس اور زیورات کی قیمت سے متعلق بحث اور ذاتی زندگی کے کڑے لمحات شامل تھے۔
نبیہہ علی خان نے حال ہی میں اپنے قریبی ساتھی حارث کھوکھر سے شادی کی ہے، دونوں تقریباً چھ سال سے ایک ہی این جی او میں کام کر رہے تھے۔ انہوں نے انٹرویو میں بتایا کہ شادی کا پہلا قدم انہوں نے خود اٹھایا اور ایک مشترکہ دوست کے ذریعے حارث کو اپنی پسند کا پیغام بھیجا۔ شادی مولانا طارق جمیل کے گھر سادگی سے ہوئی۔
پوڈکاسٹ میں نبیہہ نے وضاحت کی کہ انہوں نے لباس اپنی پسند کے مطابق منتخب کیا، لیکن قیمت پر بحث بھی ہوئی۔ اس دوران انہوں نے والد کے انتقال کے بعد والدہ کی تنہا محنت اور اپنی کم عمری میں کام کرنے کے تجربات بیان کیے، جس پر وہ جذباتی ہو گئیں۔
نبیہہ نے کہا کہ اب وہ دوسروں کی رائے کو اپنی زندگی پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گی اور اپنی زندگی اپنے اصولوں کے مطابق گزاریں گی۔ انہوں نے کہا، “ہر مسکراہٹ کے پیچھے ایک کہانی ہوتی ہے، اور میں نے بہت جدوجہد کی ہے۔” ۔